بھوٹان نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرلئے

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش کے بعد اسرائیل اور بھوٹان کے درمیان بھی سفارتی تعلقات قائم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل اور بھوٹان درمیان گزشتہ ایک سال سے مذاکرات جاری تھے اور اب باقاعدہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کرلیے گئے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے کی تقریب بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفیر کے گھر منعقد ہوئی۔
اس موقع پر اسرائیلی وزیر خارجہ نے بھوٹان سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا اور بھوٹان کو واٹر منیجمنٹ، زراعت اور صحت کے شعبے میں مل کر کام کرنے کی پیشکش کی۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے فی الحال واضح نہیں کیا گیا کہ بھوٹان کے دارالحکومت تھمبو میں سفارتخانہ کھولا جائے گا یا نہیں یا پھر بھارت میں اسرائیلی سفیر کو ہی سری لنکا کی طرح وہاں بھی نان ریزیڈینس سفیر مقرر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ریاست بھوٹان کے اب تک دنیاکے صرف 53 ممالک سے سفارتی تعلقات ہیں جبکہ پڑوسی ملک چین سمیت امریکا، برطانیہ، فرانس اور روس سے بھی سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔