(24نیوز)ملک میں سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ساتھ کورونا کی دوسری لہر بھی شدید سے شدید تر ہوتی جارہی ہے۔ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 72 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 3 ہزار 369 نئے کیسز بھی سامنے آگئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 8 ہزار 796 ہو گئی ہے مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 425 تک پہنچ گئی جبکہ کورونا کایکٹو کیسز کی تعداد بڑھ کر 46 ہزار 629 ہوگئی ہے۔ایک روز میں مزید 42 ہزار 222 کورونا ٹیسٹ کئے گئے،جن میں سے 3369 افراد میں کورنا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ اب تک 3 لاکھ 83 ہزار مریض کورنا کو شکست دے چکے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ ایک لاکھ 94 ہزار 359 کورونا مریضوں کیساتھ سرفہرست ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 27 ہزار 212، خیبرپختونخواہ میں 52 ہزار 92 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد 34 ہزار 579 اور بلوچستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار 737 ہو گئی ہے۔
ملتان میں کورونا مریضوں کے لئے مختص 58 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔ اسلام آباد میں 52فیصد،لاہور میں 37 فیصد اور پشاور 28فیصد وینٹی لیٹر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔