(24 نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کر دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ پیر کے روز کیس کی سماعت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کے پی، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد پولیس کے آئی جیز کو مجھے سکیورٹی دینے کا حکم دیا جائے۔
لیگی رہنما نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ لاہور میں اہلیہ مریم نواز کے ساتھ نیب آفس جاتے ہوئے ایک بار مجھ پر حملہ ہو چکا ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ ناموسِ رسالت کیلئے آواز اٹھاتا رہا ہوں، سیاسی طور پر بھی متحرک ہوں، پی ڈی ایم اور سیاسی سرگرمیوں کیلئے پورے ملک میں آنا جانا رہتا ہے۔