(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو سلیمان شہباز کی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے سلیمان شہباز کو 14 روز میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، عمران خان نے اپنے دور میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا تھا، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے، ہم نے لندن میں بھی اپنے کیسز کا دفاع کیا۔
سلیمان شہباز کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر نے ہمارے خلاف مقدمات کے نام پر لندن میں عیاشیاں کیں، این سی اے نے عمران خان کے منہ پر زور دار تھپڑ مارا، کہاں گئی منی لانڈرنگ، کہاں گیا کرپشن کا پیسہ ؟ لیگی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے دوران شہزاد اکبر ڈیوڈ روز کو نیب کے سیلز میں لے کر آیا، شہزاد اکبر نے ڈیوڈ روز کو نیب میں جھوٹی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے کہا کہ شہزاد اکبر نے ڈیلی میل میں جھوٹی خبر لگوائی، برطانیہ کی عدالتوں میں بھی ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائے گئے، عمران خان نے قوم کو گمراہ کیا، ہم عمران خان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، جواب دینا پڑے گا، عمران خان نے سائفر پر ڈرامے بازی کی، اب امریکی کے پاؤں پڑگیا۔