(ویب ڈیسک) فیفا نے ورلڈ کپ کے آخری مرحلے کے میچوں کیلئے الریحلہ کی جگہ نئی فٹبال استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
الحلم نامی فٹبال الریحلہ کی جگہ لے گی اور اس کا استعمال سیمی فائنلز، تیسری اور چوتھی پوزیشن اور فائنل میچ کیلئے کیا جائے گا۔
الحلم عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب خواب ہے جبکہ الریحلہ کا مطلب سفر تھا۔
یہ بھی پڑھیے: سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل، فائنل کی جنگ شروع ہونے کو ہے
یہ نئی گیند بھی الریحلہ کی طرح ماحول دوست ہے اور اس کی تیاری کیلئے پانی پر مبنی سیاہی اور گلیو استعمال کی گئی۔
گروپ مرحلے سے لیکر کوارٹر فائنلز تک استعمال ہونے والی الریحلہ فٹبال فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی پہلی اسمارٹ فٹبال تھی جس کے اندر ایسے سنسر نصب تھےجس سے ویڈیو ریفریز کو ٹریکنگ اور فیصلے کرنے میں مدد ملی۔
یہ سب ٹیکنالوجیز الحلم میں بھی موجود ہیں۔
فیفا کے مطابق الحلم بال کا رنگ الریحلہ سے مختلف ہے اور یہ گولڈ رنگ کی ہے جس سے میزبان ملک قطر کے صحرائی حصے اور فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی نمائندگی کی گئی ہے۔
فیفا نے اپنے بیان میں کہا کہ الحلم سے فٹبال اور کھیلوں سے دنیا کو اکٹھا کرنے کی طاقت کی عکاسی ہوتی ہے۔