توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو بلاوا آگیا

Dec 13, 2022 | 12:24:PM
الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا
کیپشن: الیکشن کمیشن اور عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

ممبر سندھ الیکشن کمیشن کی سربراہ میں تین رکنی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ ملزموں کے وکیل فیصل چودھری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا عمران خان تاحال سفر کے قابل نہیں ہیں، الیکشن کمیشن کی اپیل پر سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ نہیں آیا، مناسب ہوگا سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیا جائے، سپریم کورٹ نے ہمارے اعتراضات برقرار رکھے ہیں۔

 اسد عمر کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں عذر پیش کیا کہ مناسب ہوگا کیس ایک ہی ساتھ چلایا جائے۔ فیصل چودھری نے الیکشن کمیشن کو بتایا لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان اور فواد چودھری کے شوکازمعطل کر رکھے ہیں۔ اسلئے سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کا انتظار کیا جائے۔

ممبر سندھ الیکشن کمیشن نے کہا توہین کسی کی ذات کی نہیں کمیشن کی بطور ادارہ ہوئی ہے۔ ممبر پنجاب الیکشن کمیشن نے کہا اسد عمر نے عدالت سے معافی مانگی تو یہاں کیوں نہیں آتے، الیکشن کمیشن میں بھی آ کر یہ کہہ دیں کہ ایسا نہیں کہنا چاہئے تھا۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت تین جنوری تک ملتوی کردی۔