شہباز شریف اور بل گیٹس کا مشترکہ مقاصد پر ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن ( بی ایم جی ایف ) کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے مشترکہ مقاصد اور باہمی تعاون کے شعبوں میں مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ، تعاون کے تمام جاری شعبوں میں فاؤنڈیشن کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، انہوں نے پاکستان میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاری صحت عامہ اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا،شہباز شریف نے ملک میں پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے میں بی ایم جی ایف کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی قابل قدر مدد کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت ملک میں پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے،2022 میں پاکستان میں پولیو کیس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستمبر 2022 سے پولیو کیسز میں وقفہ آیا ہے، حالیہ سیلاب جس نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی کی وجہ سے پولیو کے قطرے پلانے کی جاری کوششوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
بل گیٹس نے پاکستان میں حالیہ سیلاب میں جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس کیا اور پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے لیے اپنی فاؤنڈیشن کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا کہ پولیو وائرس کی وجہ سے کسی بچے کو فالج کا خطرہ نہیں ہے۔