کیمپوں ،سکول پر آگ اور بارود کی برسات،مزید200 فلسطینی شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)غزہ پر صیہونی فورسز کے حملے جاری،اسرائیلی فوج نےنصیرت کیمپ ،جبالیا مہاجر کیمپ ،خان یونس میں بم برسا دیے۔غزہ میں اسرائیلی فوج نے حماس کا ٹھکانہ کہہ کر اقوام متحدہ کے اسکول کو دھماکے سے اُڑا دیا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیل کی جارحانہ اور وحشتناک کارروائیوں میں مزید 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطینی شہدا کی تعدادساڑھے 18ہزار ہوگئی ، 50 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے نصیرت کیمپ ،جبالیا مہاجر کیمپ ،خان یونس میں بم برسا دیے۔شمالی غزہ میں کمال عدوان ہسپتال میں اسرائیلی فوج گھس گئی، صیہونی فوجی تباہی مچاتے رہے۔
اقوام متحدہ کی ریلیف اور ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی حملے پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کے ایک اسکول کو دھماکے سے اڑانے کی ویڈیوز دیکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام عوامی مقامات، اسکول اور اسپتالوں کو بین الاقوامی قوانین کے تحت امان حاصل ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے اسکولوں اور اسپتالوں پر حملے بہت ہی غضب ناک ہیں۔ اس خونخوار جنگ میں فریقین کو وہاں موجود اقوام متحدہ کے مراکز کی تمام تفصیلات دستیاب ہونے کے باوجود بھی اسکول پر حملہ کیا گیا۔
Saw videos of an @UNRWA school in northern #Gaza blown up. It is outrageous. All public facilities, including hospitals & @UN schools are protected under international law. Parties to this brutal war have the coordinates of all our facilities in Gaza.
— Philippe Lazzarini (@UNLazzarini) December 12, 2023
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کو خبردار کردیا ہے کہ غزہ پر بلاتفریق بمباری کے باعث اسرائیل اپنی حمایت کھونے لگا ہے۔اپنی انتخابی مہم کیلئے چندہ جمع کرنے کی ایک تقریب کے دوران بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی سخت گیر حکومت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
اپنے بیان میں اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کےقدامت پرست سیاست دانوں خاص طور پر اسرائیلی نیشنل سکیورٹی کے وزیر اتمار بن گویر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ اسرائیلی حکومت اسرائیل کی تاریخ کی سب سے قدامت پرست حکومت ہے، نیتن یاہو کو اپنی حکومت میں تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ حکومت اسرائیل کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔