عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 240 ملین ڈالر قرض منظور کرلیا

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک )عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 240 ملین ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے جو کراچی کے پانی اور سیوریج کی خدمات میں بہتری کے دوسرے مرحلے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
عالمی بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ منصوبہ پانی کی سپلائی میں بہتری لانے، گندے پانی کی صفائی اور اسے دوبارہ قابل استعمال بنانے میں مدد فراہم کرے گا، جبکہ پانی کی تقسیم اور سیوریج نیٹ ورک کی بحالی کے لیے سرمایہ کاری کے دائرے کو بھی بڑھائے گا، اس منصوبے کے ذریعے کراچی کے مختلف علاقوں میں خدمات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا جس سے بڑی تعداد میں آبادی کو فائدہ ہوگا۔
منصوبے سے تقریباً نصف مستفید ہونے والے افراد خواتین ہوں گی، جبکہ 15 سے 24 سال کے 58 فیصد نوجوانوں اور کچی آبادیوں کے 5 لاکھ سے زائد افراد بھی اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ محفوظ اور منظم خدمات عوامی صحت اور معیار زندگی کی بنیاد ہیں، اور یہ منصوبہ پاکستان میں غذائی قلت کے بحران کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا، 2030 تک یہ منصوبہ کراچی میں تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ افراد کو محفوظ پانی فراہم کرے گا۔
عالمی بینک کے مطابق یہ منصوبہ 75 لاکھ افراد کو نکاسی آب کی خدمات بھی فراہم کرے گا، نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دے گا اور سیوریج کارپوریشن میں ملازمت، نمائندگی اور قیادت میں صنفی فرق کو ختم کرنے کی کوشش کرے گا، اس منصوبے کے تحت خواتین کو تکنیکی اور فیصلہ سازی کے عہدوں پر بھرتی کرنے میں مدد ملے گی، خواتین گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرامز شروع کیے جائیں گے، اور خواتین کے لیے یوٹیلیٹی میں ملازمت کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
ضرور پڑھیں:عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کیلئے مقرر