حکومت کا مزید 6 آئی پی پیز کیساتھ معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وفاقی حکومت نے مہنگی بجلی فراہم کرنے والے مزید 6 آئی پی پیز کےساتھ معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مہنگی بجلی پیدا کرنے والے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں میں ایک اور پیش رفت ہوئی ہے،6 آئی پی پیز کے ساتھ 2396 میگاواٹ کے معاہدے ختم کرنے سے مزید 300 ارب روپے کی بچت کا امکان ہے، اس فیصلے کے تحت گل احمد انرجی کے ساتھ 136 میگاواٹ کا معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ کیپکو پاور پراجیکٹ کے 1638 میگاواٹ اور لبرٹی پاور کے 200 میگاواٹ کے معاہدے بھی منسوخ کیے جائیں گے۔
اسی طرح اٹک پاور کے ساتھ 165 میگاواٹ، کوہ نور انرجی کے ساتھ 131 میگاواٹ اور ٹپال انرجی کے ساتھ 126 میگاواٹ کی بجلی کے خریداری کے معاہدے بھی ختم کیے جائیں گے۔
ان معاہدوں کے خاتمے سے بجلی ٹیرف میں کمی آنے کی توقع ہے، جو صارفین کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہو گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت 13 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کر چکی ہے، جن میں بگاس سے چلنے والے 8 نجی بجلی گھروں کے ساتھ معاہدوں کی منظوری بھی شامل ہے۔
وزیر اعظم نے آئی پی پیز سے مذاکرات کے لیے ٹاسک فورس قائم کر رکھی ہے، اور یہ معاہدے ختم ہونے کے بعد آئی پی پیز کو کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں سالانہ 2 ہزار ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی جا رہی تھیں۔