کے الیکٹرک صارفین سمیت پورے ملک کیلئے بجلی مہنگی کردی گئی 

Feb 13, 2021 | 00:14:AM

( 24نیوز) ملک بھرمیں فی یونٹ بجلی ایک روپے95 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بھی فی یونٹ بجلی 1 روپے 95 پیسے مہنگی کردی گئی ہے۔جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق لائف لائن صارفین ، گھریلو اور کمرشل سمیت تمام سیکٹرزکے لیے فی یونٹ بجلی مہنگی کی گئی ہے۔
حکومت نے عوام پر تین روز میں مسلسل تیسری مرتبہ بجلی گرائی ہے۔ ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسمنٹ کے بعد نیپرا نے بجلی فی یونٹ مزید ایک روپے 95 پیسے مہنگی کی ہے۔ فیصلے کا اطلاق پچاس یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر بھی ہوگا۔
مجموعی طور پر تین روز میں بجلی کے فی یونٹ قیمت میں چار روپے اکتیس پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے بعد عوام کی جیب پر اضافی دو سو ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔
اس سے قبل گیارہ فروری کو سہ ماہی بنیادوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 83 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا جس سے عوام کی جیب پر چوراسی ارب روپے اضافی بوجھ پڑا تھا۔دس فروری کو ماہانہ فیول چارچز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپے ترپن پیسے اضافہ کیا تھا۔تین روز میں مسلسل اضافے سے عوام کی جیپ پر مجموعی تین سو پچاس ارب روپے بوجھ پڑے گا۔

مزیدخبریں