کسانوں کے سامنے انگریز نہیں ٹک پائے مودی کون ہیں؟ ۔۔ راہول گاندھی

Feb 13, 2021 | 08:53:AM

(24 نیوز)بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ہندوستان کے کسانوں کے سامنے انگریز نہیں ٹک پائے تو نریندر مودی کون ہیں۔
 میڈیا رپورٹس کے مطابق سری گنگانگر کے پدم پور میں کسان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کسانوں کو اعتماد میں بغیر منظور شدہ تینوں زرعی قوانین کو واپس لے لیں تو ملک آگے بڑھے گا۔ کسانوں کے ذریعہ شروع کی گئی یہ تحریک آنے والے وقت میں دوسرے شہروں میں بھی پھیل جائے گی ، لہذا وزیر اعظم کو کسانوں کی بات سننی چاہئے۔انہوں نے کہا  کل انہوں نے پارلیمنٹ میں احتجاج کے دوران شہید ہونے والے کسانوں کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی اپیل کی تھی۔ تمام اپوزیشن جماعتوں نے اسکی حمایت کی اور دو منٹ خاموشی کے لئے کھڑی رہیں ، لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک بھی رکن پارلیمنٹ اور وزیر نے انکی حمایت نہیں کی اور خاموشی کے لئے کھڑے نہیں ہوئے۔راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ پہلے  تینوں زرعی بل واپس لیں اور پھر کسانوں سے بات کریں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر زرعی قانون واپس نہ لیا گیا تو آنے والے وقت میں کسان اپنی طاقت دکھادیں گے۔

مزیدخبریں