سعودی ہوائی اڈے پر حملہ، یورپین ممالک کی جانب سے مذمت

Feb 13, 2021 | 10:49:AM

(24 نیوز)یمنی حوثی باغیوں کی طرف سے تین روز قبل سعودی ہوائی اڈے پر  ہونیوالے حملے کی 3 یورپین ممالک نے مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی کا پھیلاؤ خطے میں استحکام کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز حوثی باغیوں نے ایک ڈرون حملے میں سعودی عرب کے ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔ اس واقعے میں ایک سویلین جہاز تباہ ہو گیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی تھی۔ جمعرات کے روز سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے ایک مسلح ڈرون کے حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

مزیدخبریں