(24نیوز) ملک بھر میں ماہ دسمبر کے دوران بڑی صنعتوں کی جانب سے پیداواری عمل میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ ان میں آٹوموبائل، پٹرولیم سیکٹر، فوڈ، کھاد اور ادویہ ساز صنعتیں شامل ہیں۔
ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق دسمبر 2020 میں بڑی صنعتوں کی جانب سے پیداوار میں 11 اعشاریہ 4 فیصد اضافہ نظر آیا۔ ادارے کے مطابق ماہ دسمبر2020 کے دوران صنعتی پیداوار گزشتہ 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر رہی اور اس کی وجوہات میں حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے دوران معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے مختلف صنعتوں کو دی جانے والی سہولیات اور مراعات ہیں۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبہ ایک مستحکم معاشی نشو و نما کو ظاہر کررہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر چھ ماہ کے دوران ٹیکسٹائل، فوڈ، مشروبات، تمباکو، اور پیٹرولیم سیکٹر، ادویہ سازی، کیمیکلز، معدنی مصنوعات، آٹوموبائلز، فرٹیلائزر، کاغذ سازی کی صنعتوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ الیٹرانکس، چمڑہ سازی کی مصنوعات اور انجینئرنگ مصنوعات کی پیداوار میں کمی نظر آئی۔رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران صنعتی پیداوار میں گزشتہ مالی سال کی پہلی شش ماہی کے مقابلے میں مجموعی طور پر 8 اعشاریہ 16 فیصد اضافہ رہا۔
اسی طرح کوک اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں دسمبر 2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020 کے دوران 24 فیصد زائد اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ اسی عرصے کے دوران فوڈ، مشروبات، تمباکو اور معدنی مصنوعات کی پیداوار میں 18 فیصد، کیمیکل سیکٹر کی پیداوار میں 17 فیصد اور ادویہ سازی کی پیداوار میں 14 فیصد اضافہ رہا۔