ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان،عملدرآمد  کیلئے پر عزم ہیں:دفتر  خارجہ

Feb 13, 2021 | 12:22:PM

(24نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ایکشن پلان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کافی کام کیا ۔پاکستان ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عمل درآمد مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان  نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے موجودہ ایکشن پلان کے تحت پاکستان کے لئے 27 نکات میں سے 21 نکات کے مکمل کرنے کا اندازہ لگایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ باقی چھ جزوی طور پر توجہ دیئے جانے والے نکات میں پاکستان کی جانب سے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے جس کا ایف اے ٹی ایف کے ارکان کی جانب سے اعتراف کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ہونے والےاجلاس میں واچ ڈاگ نے فروری 2021 میں جائزے تک پاکستان کو بہتر نگرانی کے دائرہ اختیار کی فہرست میں شامل رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چند ہفتے قبل سینٹ کی امور خارجہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ ایف اے ٹی ایف آئندہ اجلاس میں پاکستان کو اپنی گرے لسٹ سے خارج کردے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے پاکستان خطے میں امن کے لئے پرعزم ہے۔ترجمان نے بھارت کے بالادست اور توسیع پسندانہ ڈیزائن اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر تنقید کی جو علاقائی امن و سلامتی کے لئے مسئلہ ہے۔
 

مزیدخبریں