جنوبی وزیرستان حملہ،عمران خان کا شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں جام شہادت حاصل کرنے والے جوانوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا میری تعزیت اور دعائیں جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے چار بہادر فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، بہادر فوجیوں کی شہادت پر لواحقین سے اظہار افسوس کرتا ہوں۔
My condolences and prayers go to the families of our four brave soldiers martyred in Makeen, South Waziristan fighting a terrorist attack.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 13, 2021
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فورسز پر فائرنگ سے 4 جوان شہید ہوئے، فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی، دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے، شہدا میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی عزیز اور سپاہی انیس الرحمٰن شامل تھے۔
گزشتہ روز صدر عارف علوی نے بھی جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پرحملے کی شدید مذمت کی تھی، ایک بیان میں انہوں نے حملے میں چار فوجی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔
اطلاعات ونشریات کی وزیر شبلی فراز نے بھی ایک ٹوئٹ میں جنوبی وزیرستان میں چار فوجی جوانوں کی شہادت کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا تھا۔