اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہےجہاں لوگوں کو خریدا جاتا تھا : شبلی فراز

Feb 13, 2021 | 13:48:PM

Read more!

(24نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ماضی میں ہمیشہ ہر الیکشن پر انگلیاں اٹھائی گئی ہیں، ایک ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں کہ سینٹ کے انتخابات کے بعد کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔اپوزیشن کی جانب سے سینٹ الیکشن کی شفافیت پر مخالفت سمجھ سے باہر ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سینٹ الیکشن میں شفافیت کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہی ہے، شاید اپوزیشن انتخابات میں پیسے کے کلچر کو ختم نہیں کرنا چاہتی، مجھے سینٹ الیکشن کے لئے وزیراعظم نے دوسری بار ٹکٹ دیا جو اعزاز ہے۔

 شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمیں قانون سازی سے متعلق مشکلات کا سامنا رہا، سینٹ میں ہماری اکثریت سے قانون سازی میں درپیش رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔اپوزیشن چاہتی ہے کہ تمام چیزیں پرانے پاکستان کی بنیاد پر ہوں، پرانے پاکستان میں لوگوں کو خریدا جاتا تھا اور اپوزیشن یہی چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم سینٹ انتخابات میں ووٹ کی خرید و فروخت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔پاکستان میں پیسے کا کلچر ختم ہوگا تو عام لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع ملے گا، اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہے جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں، یقین ہے پی ٹی آئی کے ارکان پارٹی کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔

مزیدخبریں