پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے، عثمان بزدار

Feb 13, 2021 | 17:56:PM

(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کا بہت پوٹینشل ہے ،پنجاب سیاحت کے حوالے سے مثالی صوبے بنے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزاٹ ریزارٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت میرے دل کے بہت قریب ہے ۔ کورونا کے باعث سیاحتی سرگرمیاں ماند رہیں ۔ صورتحال میں بہتری آنے پر سیاحتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ بہاولپور کے عوام سے کیاگیاایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ ڈبل ڈیکر بس سروس بہاولپور کے شہریوں کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے۔ لوگ ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے سیاحتی اورتاریخی مقامات کی سیر کرسکیں گے۔ بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو رعایت دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے۔ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔سیاحت کے فروغ کے لئے ضرورت پڑنے پر مزید بسیں بھی فراہم کریں گے۔ ڈبل ڈیکر بسوں کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بھی بڑھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے مختص بجٹ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں ہو سکتا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز تعینات کر دیئے گئے جو مکمل با اختیارہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری ہے جلد اپنی منزل تک پہنچیں گے۔

مزیدخبریں