(24 نیوز) لانگ مارچ کے معاملے پر میاں نوازشریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطوں میں اہم پیش رفت ،سابق صدر نے ان ہاوس تبدیلی کیلئے لیگی قائد کو قائل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کا حکومت کو گرانے کی ہر آپشن استعمال کرنے پر مکمل اتفاق ہوگیا ہے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا اتحاد ہر صورت برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری ان ہاوس تبدیلی پر پراعتماد ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے ان ہاوس تبدیلی کیلئے نواز شریف کو قائل کرلیا۔ ن لیگ نے پیپلزپارٹی کی ان ہاﺅس تبدیلی کی مکمل حمایت کرنے کاعندیہ دیدیا ہے۔
پی ڈی ایم ان ہاﺅس تبدیلی،استعفوں، لانگ مارچ اور دھرنے کا آپشن استعمال کرے گی۔ سینٹ الیکشن کے فوری بعد پی ڈی ایم کی قیادت ان آپشنز پر غور کےلئے سر جوڑے گی۔
پیپلز پارٹی کے مطابق پیپلز پارٹی لانگ مارچ سے قبل ان ہائوس تبدیلی کا آپشن استعمال کرےگی۔ اگر پیپلز پارٹی ان ہاﺅس تبدیلی کیلئے نمبر گیم پوری کرلیتی ہے تو پی ڈی ایم حمایت کرے گی جبکہ تینوں رہنمائوں نے حکومت پر مسلسل مزید دبائو بڑھانے کیلئے تحریک انصاف کے ناراض رہنمائوں سے بھی رابطوں کا فیصلہ کرلیاگیا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے استعفوں کے آپشن پر مکمل رضا مندی کا اظہار کر دیا ہے جبکہ ان ہاﺅس تبدیلی کے آپشن کی ناکامی کی صورت میں پیپلزپارٹی کی استعفوں کے آپشن پر مشروط آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ لانگ مارچ کے موقع پر استعفوں کا آپشن عوامی ردعمل پر منحصر ہوگا۔