(24 نیورز)دنیا بھر میں کورونا ویکسی نیشن کی مہم زور و شور سے جاری ہے تاہم اب آکسفورڈ یونیورسٹی نے بچوں میں بھی ٹرائل شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی بچوں میں آزمائشی استعمال شروع کردی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں 6 سے 17 برس کے 300 رضاکاروں کو ویکسین لگائی جائے گی۔
بچوں میں کورونا ویکسین کے ٹرائل کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ بچے عموماً نئے کورونا وائرس سے محفوظ رہتے ہیں لیکن بچوں میں کورونا ویکسین کے اثرات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔
اب تک دنیا بھر میں آکسفورڈ یونیورسٹی سمیت 6 سے زائد کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہیں تاہم کسی بھی کمپنی نے اپنی ویکسین کا بچوں پر ٹرائل نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے کورونا ویکسی نیشن کے دوران 18 سال سے کم عمر افراد میں ویکسین نہیں لگائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 23 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد اس مہلک وائرس سے ہلاک ہوگئے۔