مجھے کہیں گے 15 دن بعد الیکشن کرائیں تو ہم کرا دیں گے:محسن نقوی

ہم بہت تھوڑے سے وقت کے لیے آئے ہیں، میں اپنے ضمیر کے اطمینان کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں،کوشش ہے 2 فیصد کام کر کے کچھ بہتری کر جائیں:نگران وزیراعلیٰ پنجاب

Feb 13, 2023 | 13:33:PM

(علی رامے)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ جس وقت الیکشن کمیشن کہے گا، الیکشن کرا دیں گے،ہمارا مقصد صرف الیکشن کرانا ہے،مجھے کہیں گے 15 دن بعد الیکشن کرائیں تو ہم کرا دیں گے۔کسی کی تنقید کا جواب نہیں دوں گا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سے صحافیوں نے ملاقات کی ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت تھوڑے سے وقت کے لیے آئے ہیں، میں اپنے ضمیر کے اطمینان کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں،کوشش ہے 2 فیصد کام کر کے کچھ بہتری کر جائیں، کوئی بھی تنقید کریں، میں جواب نہیں دوں گا، صحافیوں کے لیے اگر کچھ نہ کر سکا تو یہ شرمندگی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ واربرٹن واقعہ پر ٹرائل 2 ماہ میں مکمل کرانا کوشش ہو گی۔جو بھی گرفتاریاں ہوئی ہیں اس میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں، پی ٹی آئی کے لوگ روز انہ زمان پارک جمع ہوتے ہیں، منع کریں گے تو بھی مسائل پیدا ہوں گے،کوشش ہے زمان پارک کی سیکیورٹی بہتر رکھیں،جس وقت الیکشن کمیشن کہے گا، الیکشن کرا دیں گے،ہمارا مقصد صرف الیکشن کرانا ہے،مجھے کہیں گے 15 دن بعد الیکشن کرائیں تو ہم کرا دیں گے۔ہم چاہتے ہیں الیکشن کرائیں اور عزت سے گھر چلے جائیں۔

ضرور پڑھیں :خاتون جج کو دھمکانے کا کیس :عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست منظور

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کے کیمروں کا مسئلہ مارچ تک حل ہو جائے گا، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر فیلڈ افسران کی ٹرانسفر پوسٹنگ کی جا رہی ہے،جب جیل بھرو تحریک شروع ہو گی تو کابینہ بیٹھ کر فیصلہ کرے گی۔پنجاب کے مختلف شہروں میں بسنت منانے پر پابندی لگانے کا کہا ہے،صوبے میں بسنت کسی صورت نہیں منائی جائے گی، سختی سے عملدرآمد ہوگا،کسی بھی جگہ ایسا ہو تو فوری ایکشن ہوگا۔


انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں سب کو تحفظ فراہم کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ،متعلقہ پولیس حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ کوئی غیر قانونی اقدام کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔

مزیدخبریں