(ویب ڈیسک ) گوگل سرچ انجن کا مقابلہ کوئی اور سرچ انجن نہیں کر سکتا اور ایک اندازے کے مطابق گوگل پر ہر سیکنڈ 99 ہزار سے زیادہ سرچز کی جاتی ہیں۔گوگل سرچ انجن سے آپ دنیا کے ہر موضوع کے بارے میں جان سکتے ہیں۔مگر ایسا کئی بار ہوتا ہے جب آپ کسی چیز کے بارے میں سرچ کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر مطلوبہ تفصیلات حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
خوش قسمتی سے چند آسان ٹپس سے گوگل پر مطلوبہ تفصیلات کا حصول آسانی سے ممکن ہو جاتا ہے۔
تاریخ کی مدد سے سرچ کریں
کئی بار آپ چند سال پرانے کسی ویب لنک یا موضوع کے بارے میں سرچ کر رہے ہوتے ہیں مگر سرچ رزلٹس میں چند دن، ہفتے یا مہینوں پرانے نتائج نظر آتے ہیں۔
تو تاریخ کی مدد سے سرچ کرنے سے اس مسئلے کا سامنا نہیں ہوتا۔اس کے لیے گوگل پر کسی موضوع کو سرچ کرنے کے بعد ٹولز پر کلک کرکے Any time اور پھر کاسٹیوم رینج میں جاکر مخصوص تاریخوں کا اندراج کرکے سرچ کریں۔ایسا کرنے کے بعد درج کردہ تاریخوں کے سرچ رزلٹس ہی آپ کے سامنے آئیں گے۔غیر ضروری کی ورڈز (key words) کو سرچ رزلٹس پر اثر انداز ہونے سے روکیں۔
یہ بھی پڑھیں:دبئی میں ہوائی ٹیکسیاں اڑان بھرنے کو تیار
جب آپ گوگل پر کسی ایک چیز کے بارے میں سرچ کر رہے ہوں اور نتائج کسی اور چیز کے سامنے آئیں تو غصہ آنے لگتا ہے۔مگر اس کا حل بہت آسان ہے۔
مثال کے طور پر آپ آئی او ایس کی بہترین ایپس کو گوگل پر سرچ کر رہے ہیں اور سرچ رزلٹس میں اینڈرائیڈ ایپس کی بھرمار ہو تو اس سے بچنے کے لیے best apps -android لکھ کر سرچ کرنے سے اینڈرائیڈ ایپس نظر نہیں آئیں گی۔یعنی اس لفظ کے سامنے منفی کا سائن استعمال کریں جس کے نتائج آپ دیکھنا نہیں چاہتے۔
فائلز کو سرچ کریں
اگر آپ کسی خاص قسم کی فائل جیسے پی ڈی ایف فائل سرچ کررہے ہیں تو کی ورڈ تحریر کرکے اس کے آگے فائل ٹائپ : پی ڈی ایف (filetype:pdf) لکھ دیں تو سرچ بار پر صرف پی ڈی ایف فائل پر مشتمل نتائج سامنے آئیں گے۔اس طریقہ کار سے آپ ایکسل اور دیگر ٹائپس کی فائلز بھی ڈھونڈ سکتے ہیں۔
مخصوص فقرے کو تلاش کریں
اگر آپ کسی مخصوص فقرے کو گوگل پر تلاش کرنا چاہتے ہیں تو سرچ کیے جانے والے الفاظ یا کی ورڈزکو "کوٹیشن مارک" میں لکھ کر سرچ کریں۔
کسی ویب سائٹ کے اندر کا مواد سرچ کریں
اگر تو آپ کسی خاص ویب سائٹ جیسے جیو پر کچھ تلاش کرنا چاہتے ہیں تو پہلے site:urdu.24News.tv لکھیں اور پھر جو سرچ کرنا چاہتے ہیں جیسے گوگل لکھیں، یعنی site:urdu.24News.tv گوگل لکھ کر سرچ کریں۔ایسا کرنے سے گوگل سرچ پر اسی سے متعلق مواد نظر آئے گا۔
بیک وقت 2 موضوعات کو سرچ کریں
اگر آپ ایک سے زیادہ موضوعات کو سرچ کرنا چاہتے ہیں تو زیادہ بہتر نتائج کے لیے OR کا استعمال کریں۔مثال کے طور apple microsoft لکھ کر سرچ کرنے پر ان میں سے کسی ایک موضوع کے نتائج نمایاں ہو جائیں گے مگر apple OR microsoft لکھ کر سرچ کرنے سے ایپل اور مائیکرو سافٹ کے لنکس الگ ہو کر نمایاں ہوں گے۔
متعلقہ ویب سائٹس کو سرچ کریں
ملتی جلتی ویب سائٹس کے بارے میں سرچ کرنے کے لیے related کو استعمال کریں، یعنی related:google.com سرچ کرنے پر یاہو اور بنگ سرچ رزلٹس میں نظر آئیں گے۔
ایڈوانسڈ سرچ سے مدد لیں
ہر فرد کو ہی معلوم ہے کہ گوگل پر کس طرح سرچ کرتے ہیں مگر ماہرین ایڈوانسڈ سرچ فنکشن کو ترجیح دیتے ہیں، جس سے مطلوبہ نتائج کا حصول آسان ہو جاتا ہے۔س کے لیے گوگل ڈاٹ کام اوپن کرکے نیچے دائیں جانب سیٹنگز پر کلک کریں اور وہاں ایڈوانسڈ سرچ کے آپشن میں جائیں۔ایڈوانسڈ سرچ میں مختلف آپشنز نظر آئیں گے جن کو مطلوبہ سرچ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ریورس امیج سرچ
اس طریقے سے آپ کسی تصویر کے بارے میں تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر images.google.com اوپن کرکے ایفل ٹاور کی تصویر اپ لوڈ کریں گے تو گوگل کی جانب سے اس کے بارے میں تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی۔
اس طریقہ کار کو ہر طرح کی تصاویر کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پروازوں کا وقت جانیں
اگر آپ فضائی سفر کرنے والے ہیں یا کسی کو لینے کے لیے ائیر پورٹ جانا چاہتے ہیں تو فلائٹ نمبر لکھ کر سرچ کرنے پر آپ کو ڈیپارچر اور ارائیول کی تفصیلات نظر آئیں گی۔