(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹر مارٹن گپٹل نے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار کافی اچھا ہے تاہم وہ اس لیگ کا کسی دوسری لیگ سے موازنہ نہیں کریں گے کیوں کہ ایسا کرنا ان کیلئے ممکن نہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مارٹن گپٹل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک بہترین جگہ ہے،وہ پہلی مرتبہ پاکستان میں کھیلنے کے چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کھیلنے کیلئے بے حد پرجوش اور نئی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کو تیار ہوں، یہاں نئے دوست بھی بنائیں گے اور اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔
پاکستانی پیسرز کی تعریف کرتے ہوئے مارٹن گپٹل نے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین کے ہوتے ہوئے پاکستان کا بولنگ اٹیک کافی زبردست ہے، ایسے بولرز کی موجودگی میں پاکستانی فاسٹ بولنگ کا مستقبل کافی روشن اور مضبوط دکھائی دے رہا ہے۔ یہاں اچھی فاسٹ بولنگ، اچھا اسپن اٹیک اور بہترین بیٹنگ سب ہی کچھ ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ ایک اچھا ٹورنامنٹ تھا لیکن اب اتنی کرکٹ ہوگئی ہے کہ چیمپئنز لیگ کو دوبارہ بحال کیا جائے تو یہ کیلینڈر کو مزید مصروف کر دے گا لیکن اگر ایسا ہوا تو وہ ضرور اس ٹورنامنٹ کو ایک بار پھر کھیلنا چاہیں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹر مارٹن گپٹل پاکستان سپرلیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہوئے ہیں۔ 36 سالہ مارٹن گپٹل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تجربہ کار ترین اور کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں، وہ 2021 میں کراچی کنگز کی جانب سے کووڈ سے متاثرہ پی ایس ایل کا ابو ظہبی مرحلہ کھیل چکے ہیں اس بار وہ کوئٹہ کی جانب سے پاکستان میں میچز کھیلیں گے، دنیا کی مختلف لیگز میں 305 ٹی ٹوئنٹی اننگز کھیل کر 8 ہزار 734 رنز بنا چکے ہیں۔