(24نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کیلئے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ۔
لاہور کے ریس کورس گراؤنڈ میں آج پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، فرنچائز مالکان، ایچ بی ایل کے نمائندوں اور اسٹار کرکٹرز نے شرکت کی۔ ٹرافی کو ’دی اورین ٹرافی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
تقریب کے موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل اپنے نویں سیزن میں داخل ہو رہا ہے۔ آج پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کی گئی ہے، امید ہے یہ ٹونامنٹ اچھا رہے گا، ہماری طرف سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ میں نے تاحال پوری طرح سے عہدہ نہیں سنبھالا ہے، مگر ٹیم سے تمام آگاہی لیتا رہتا ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ جو پاکستانیوں کا خواب ہے اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے، محنت نظر آئے گی، جب تک تمام ترصورتحال سے آگاہ نہیں ہوتا، تب تک کچھ نہیں کہہ سکتا، خامیوں پر کام کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
تقریب میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز، کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی شریک تھے۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 17 فروری سے ہوگا، قذافی اسٹیڈیم افتتاحی تقریب سمیت 9 میچز کی میزبانی کرے گا۔