(علی ساہی) نگران پنجاب حکومت نے پی ایس ایل 9 کے لئے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔
نگران پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لئے حتمی شکل دی گئی ہے جس کے مطابق 3 اضلاع میں مجموعی طور پر 17 ہزار 176 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، لاہور میں 6 ہزار 936، ملتان میں 5700 اور راولپنڈی میں 4538 اہلکارتعینات ہوں گے، پولیس کے ساتھ فوج کی 3 کمپنیاں بھی پی ایس ایل کی سیکیورٹی پر مامور ہوں گیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرفراز احمد قیادت سے دستبردار، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نئے کپتان کا اعلان ہوگیا
تینوں اضلاع میں ٹریفک کی روانی کیلئے دیگر اضلاع میں اضافی نفری طلب کی جائیگی، ٹیموں کی نقل وحرکت اور میچز کے دوران جیمرز کی تنصیب بھی کی جائے گی، پی ایس ایل کے روٹس کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کی جائے گی، سیف سٹیز کے کیمروں سے ایونٹ کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی، کرکٹ ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیم میں اضافی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں موبائل کمانڈ وین ،پیرو کی گاڑیاں بھی کیمروں کیساتھ متحرک ہوں گی، روٹس پر20 ڈولفن اور 20 ایلیٹ فورس کی ٹیمیں پٹرولنگ کریں گی اور پی ایس ایل میں شامل کرکٹ ٹیموں کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا جائے گا۔