(شاہد جان) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا اسمبلی کی مزید دو نشستیں ہار گئی جس کے بعد آئندہ اسمبلی میں ان کی نمائندگی ختم ہوگئی۔
باجوڑ سے کے پی اسمبلی کے حلقہ پی کے 21 کے سرکاری نتیجے کے مطابق کامیاب جماعت اسلامی کے امیدوار سردار خان کی جیت ہار میں تبدیل ہوگئی۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اجمل خان 16 ہزار 7 سو 12 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار سردار خان 8 ہزار 1 سو 28 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اس کے علاوہ پی کے 20 میں بھی ابتدائی نتائج میں کامیاب قرار دیے گئے جماعت اسلامی کے امیدوار مولانا وحید گل ہار گئے۔
سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار انور زیب خان 12 ہزار 9 سو 3 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار مولانا وحید گل 6 ہزار 8 سو 69 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیے: پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ نہیں بنے گی، وزارت عظمیٰ کیلئے ن لیگ کی حمایت کا اعلان
اس سے قبل پی کے 17 میں بھی جماعت اسلامی کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے تاہم دوبارہ گنتی میں ہار گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ابتدائی نتائج میں جماعت اسلامی 3 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔
اب مزید دو نشستیں ہارنے کے بعد آئندہ اسمبلی میں جماعت اسلامی کی نمائندگی ختم ہوگئی۔ وہیں تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔