(رانا شہزاد خان) الیکشن کمیشن نے گجرات سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 64 سے مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری سالک حسین کی جیت برقرار رکھتے ہوئے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 64 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران ق لیگ کے رہنما چودھری سالک جیت گئے جبکہ قیصر الہیٰ کی ہار برقرار رکھی گئی۔
گزشتہ روز عام انتخابات 2024ء کے حلقہ این اے 64 میں دوبارہ گنتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ ریٹرننگ آفیسر نے فارم 45 کے مطابق دوبارہ گنتی کیلئے تمام امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کو صبح 9 بجے آفس بلا لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا اسمبلی: جماعت اسلامی مزید دو نشستوں سے ہاتھ دھو بیٹھی، نمائندگی ختم
حلقہ این اے 64 کے 359 پولنگ سٹیشنز کے فارم 45 کے مطابق ووٹوں کی گنتی کی گئی، آزاد امیدوار قیصرہ الہیٰ نے ریٹرننگ آفیسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔
خیال رہے کہ 8 فروری 2024ء کو ہونے والے الیکشن میں مسلم لیگ ق کے امیدوار چوہدری سالک حسین کامیاب قرار پائے تھے۔ الیکشن میں چوہدری سالک حسین نے 1 لاکھ 5 ہزار 2 سو 5 ووٹ جبکہ ان کے مد مقابل قیصرہ الہیٰ نے 80 ہزار 9 سو 46 ووٹ حاصل کیے تھے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے حلقہ این اے 64 کا فارم 47 جاری کیا تھا۔