(اقصیٰ شیخ) ملک بھر میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ کہیں بھی بارش کا امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
پنجاب کے اضلاع بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور رحیم یار خان میں بھی موسم سرد رہے گا جبکہ ان اضلاع میں دھند کا بھی امکان ہے۔
مری، گلیات اور گردونواح میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا،گلگت بلتستان میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف لاہور کے بعد کراچی کی فضا بھی شدید آلودہ ہے،اے کیو آئی کے مطابق دنیا اور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پہلے نمبر پر موجود ہے جہاں فضائی آلودگی 226 پرٹیکیولیٹ میٹرز تک جا پہنچی ہے۔
ماہرین کے مطابق کراچی میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کے باعث آلودگی کی سطح مزید بڑھ گئی ہے، شہر میں آج بھی دن کے اوقات میں گرمی کا راج برقرار رہے گا۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کاکہناہے کہ شمالی بحیرہ میں بنے والے اینٹی سائیکلون کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے،اگلے چوبیس سے چھتیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانےکا امکان ہے، ان مہینوں میں اینٹی سائیکلون بنا سرد موسم کے رخصت ہونے کا عندیہ دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اللہ کی مدد آتی ہے تو ریکارڈ بنتے ہیں،18 اوورز تک اسکرین نہیں دیکھی،محمد رضوان
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبس گھنٹوں کے دوران دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ رات میں موسم خشک رہے گا،موجودہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،شمال مشرقی سمت سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہے۔