صدر زرداری، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خوارجیوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

Stay tuned with 24 News HD Android App

(اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں 5 مختلف کاروائیوں میں 13 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کامیاب کاروائیوں کے دوران 13 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا، صدر مملکت نے ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے کاروائیاں کر رہی ہیں،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں خوارج کے خلاف مختلف مقامات پر کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ،وزیر اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرِ ستان، لکی مروت اور ضلع خیبر میں مجموعی طور پر 13 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، ملک دشمن عناصر کے عزائم خاک میں ملانے پر پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہناتھا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بارپھر بروقت آپریشن کرکے 13 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا،13 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے،قوم کو بلاشبہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔
محسن نقوی کاکہناتھا کہ خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کرتے ہیں،پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے اقدامات لائق ستائش ہیں،قوم خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔