(24نیوز) امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملک کے آئین کی 25 ویں ترمیم کے تحت ہٹانے کے لئے قرارداد منظور کرلی جبکہ نائب صدر مائیک پنس نے ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے سےصاف انکار کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان (کانگریس) میں منظور کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نائب صدر مائیک پنس آئین کی 25 ویں ترمیم کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیں۔
دوسری جانب مائیک پنس نے سنگین معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔مائیک پنس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کو 25 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ہٹانے سے غلط روایات جنم لیں گی۔میں نہیں سمجھتا 25 ویں آئینی ترمیم امریکی آئین سے مطابقت رکھتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم امریکی تاریخ اور روایات کی قدر کرتے ہیں، 25 آئینی ترمیم سے مجھے صدارت سے ہٹانا میرے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ یہ وقت پرامن رہنے اور اپنے جذبات پر قابو رکھنے کا ہے۔یہ ترمیم بائیڈن کےخلاف استعمال ہوگی۔