(24نیوز) اسامہ ستی قتل کیس میں تفتیشی افسر کے مطابق ملزموں نے اعتراف کیا ہےکہ ان کے ہاتھوں بے گناہ نوجوان قتل ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں اسامہ ستی قتل کیس کی سماعت ہوئی ۔ پولیس نے ملزموں کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں عدالت کے روبرو پیش کیا۔سماعت کے آغاز پر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے تفتیش افسر سے پوچھا کہ کیس میں کیا پیش رفت ہے؟ اس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزماعتراف جرم کر رہے ہیں کہ ان کے ہاتھوں بے گناہ شہری کی جان گئی۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ملزموں کا بیان قلمبند کر لیا ہے اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ تاحال ملزموں کا مجسٹریٹ کے سامنے بیان قلمبند نہیں ہوسکا۔ جے آئی ٹی کی تفتیش مکمل کرنے کے لئے مزید جسمانی ریمانڈ چاہیے لہٰذا ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع دی جائے۔ ملزموں کا 364 کا اعترافی بیان بھی لیا جائے گا۔تفتیشی افسر کی استدعا پر عدالت نے پانچوں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کردی اور ملزموں کو دوبارہ 18 جنوری پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔