کراچی میں گیس نہیں، ڈائریکٹر سوئی سدرن عدالت طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے گیس کی قلت پر ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی کو طلب کرتے ہوئے وضاحت مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں گیس کی قلت کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار محمود اختر نقوی کا موقف تھا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ گھروں میں گیس نہیں جس کی وجہ سے روٹی بھی تندور سے لا رہے ہیں۔ 9 دسمبر 2020 کو عدالت نے جواب طلب کیا مگر جواب بھی نہیں دیا جا رہا۔ ایم ڈی سوئی سدرن گیس کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے۔ جس پر فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ ڈائریکٹر ایس ایس جی سی کو بلا رہے ہیں اور پوچھتے ہیں قلت کیوں ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی حکام آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ بتایا جائے کراچی میں گیس کی کمی کیوں ہے اور گیس کی قلت ختم کرنے کےلئے کیا اقدامات کئےجا رہے ہیں۔