ترک وزیر خارجہ کا دورہ،تعلیمی شعبے میں تعاون کا معاہدہ،عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار 

Jan 13, 2021 | 17:17:PM
 ترک وزیر خارجہ کا دورہ،تعلیمی شعبے میں تعاون کا معاہدہ،عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play


 (24نیوز) پاکستان اور ترکی کے مابین تعلیمی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا،تقفیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ان کے ترک ہم منصب میولود چاوش اولو نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا اور 71 نکاتی اسٹریٹیجک اکنامک فریم ورک پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
 شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی غیر متزلزل حمایت پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔
 وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او سمیت بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کے مابین نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے ترکی کے مختلف امور پر پاکستان کی حمایت اور معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
 تعلیمی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے معاہدہ پروزیر تعلیم شفقت محمود اور ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کیے—
اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ میں بدھ کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، وفاقی سیکریٹری تعلیم فرح حامد اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسربھی موجود تھے۔