(24 نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے معروف پاکستانی گلوکار زوہیب حسن کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ہے۔انہیں14 ستمبر 2021 کو جاری ہونے والے عبوری فیصلے کی حکم عدولی پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔توہین عدالت کی درخواست مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
عدالتی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عبوری حکم کے باوجود مدعا علیہ کی جانب سے مدعی پر ہتک آمیز اور توہین آمیز الزامات لگائے گئے۔مذکورہ مواد مدعا علیہ (مرزا اشتیاق بیگ) کے چار لاکھ فالوورز والے فیس بک اکاونٹ پر پوسٹ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر زوہیب حسن کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت پر سندھ ہائی کورٹ نے زوہیب حسن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مرزا اشتیاق بیگ کے خلاف بیانات دینے سے روک دیا تھا۔نازیہ حسن کے شوہر مرزا اشتیاق بیگ کی جانب سے دائر دعوے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ زوہیب حسن نے گزشتہ مہینے ایک انٹرویو میں ان پر من گھڑت اور جھوٹے الزامات عائد کیے ہیں۔عدالت نے زوہیب حسن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اکتوبر تک تفصیلی جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔عدالت نے زوہیب حسن کو اشتیاق بیگ کے خلاف کسی قسم کا بیان نہ دینے کی بھی ہدایت کی تھی۔اشتیاق بیگ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ زوہیب حسن کو ان کے خلاف بیان بازی سے روکا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے متعلق تشویشناک خبر