معنی خیز مذاکرات۔۔ سازگار ماحول فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ۔۔پاکستان

Jan 13, 2022 | 21:55:PM

 (24نیوز)پاکستان نے کہا ہے کہ جوہری جنگ روکنے، ہتھیاروں کی دوڑ سے بچنے کے لئے سلامتی کونسل مستقل ارکان کا مشترکہ بیان قابل ستائش ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان معنی خیز مذاکرات کےلئے سازگار ماحول فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے، چینی قیادت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 3 سے 5 فروری کو بیجنگ جائیں گے ۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رومانیہ اور سپین کے دورہ کئے۔انہوں نے کہاکہ پاک، رومانیہ ایوان ہائے صنعت و تجارت کے مابین تعاون، تعلیمی وظائف بارے تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پانچ جنوری کو کشمیریوں کا حق خودارادیت کا دن منایا گیا،پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے فوری اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی قابض فورسز کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم شہریوں کا قتل عام جاری ہے ،ہندوستانی قابض فورسز نے سال نو میں 15 کشمیری شہید کر دیئے ۔

انہوں نے کہاکہ قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو جعلی مقابلوں، ماورائے عدالت قتل کیا،گزشتہ سال 2021ءکے دوران 210 کشمیری شہید کیے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں ہندتوا پالیسی کے تحت مسلم اقلیتوں کے قتل عام کے خدشات موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل مستقل ارکان کے مابین مفاہمت مثبت پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہاکہ اتفاق رائے عالمی، علاقائی تذویراتی استحکام کے لئے ٹھوس اقدامات کی راہ ہموار کر سکتا ہے ترجمان نے کہاکہ پاکستان بطور ذمہ دار جوہری طاقت اقوام متحدہ جنرل اسمبلی تخفیف اسلحہ امور کا حامی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر بحیثیت اہم فریق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے،ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو انتہائی خطرناک نہج پر لیجا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ چین کی قیادت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 3 سے 5 فروری کو بیجنگ جائیں گے،وزیراعظم چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین سی پیک سمیت تمام امور پر گفتگو کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں۔ کورونا جائے گا نہیں بلکہ۔۔۔بل گیٹس نے نئی پیش گوئی کر دی

مزیدخبریں