پاکستان جونیئر لیگ: کروڑوں کے نقصان پر پی سی بی کا کمرشل ڈیپارٹمنٹ مشکل میں

Jan 13, 2023 | 11:40:AM

(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی چارج سنبھالنے کے بعد جہاں کئی ڈائریکٹرز کی تنخواہوں میں کمی لانے پر غور کررہے ہیں وہیں پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل عثمان وحید کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ 

پی سی بی کے دستاویزات کے مطابق کارپوریٹ کلچر سے آنے والے عثمان وحید کی تنخواہ 9 لاکھ 98 ہزار روپے ہے اور ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے مئی 2022ء میں ذمے داریاں سنبھالی تھیں، ان کی تقرری کے بعد بورڈ نے 1 ارب روپے کی لاگت سے سب سے مہنگا منصوبہ پاکستان جونیئر لیگ کا کیا تھا جس میں 15 کرو ڑ روپے کی آمدنی ہوئی اور 85 کروڑ روپے کا بھاری نقصان ہوا۔ 

یہ بھی پڑھیے: پی سی بی کا بابر اعظم کو صرف ایک فارمیٹ کا کپتان رکھنے پر غور

پرانے نظام میں پی سی بی، سدرن پنجاب کے علاوہ کسی ایسوسی ایشن کی ٹیم فروخت کرنے میں ناکام رہا تھا، رمیز راجا نے اپنی چیئرمین شپ میں پاکستان سپر لیگ کے تمام اسپانسر شپ معاہدوں کو حتمی شکل دے دی تھی۔

اب نائلہ بھٹی کو کمشنر پی ایس ایل مقرر کیا گیا ہے، وہ اس سے قبل پی سی بی میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ رہ چکی ہیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی شعبوں کی تنظیم نو کے ساتھ کمرشل ڈپارٹمنٹ سے متعلق بھی فیصلے کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں