نیوزی لینڈ کیخلاف فخر کے بعد رضوان کی بھی ففٹی

Jan 13, 2023 | 15:00:PM
نیوزی لینڈ کیخلاف فخر کے بعد رضوان کی بھی ففٹی
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
سورس: ای ایس پی این کرک انفو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے اور گرین شرٹس نے دو وکٹوں کے نقصان پر  137 رنز بنا لیے ہیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ 21 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے کپتان بابر اعظم 13 گیندوں پر صرف 4 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ 

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اسی دوران فخر زمان نے ایک روزہ میچوں میں اپنی 16 ویں نصف سنچری اسکور کی، محمد رضوان نے بھی سیریز کی دوسری اور اپنے کیرئیر کی آٹھویں نصف سنچری مکمل کی۔  

 قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا امام الحق کی جگہ شان مسعود اور نسیم شاہ کی جگہ محمد حسنین پلینگ الیون کا حصہ ہیں، امام الحق انجری کا شکار ہیں جبکہ نسیم شاہ بھی بخار میں مبتلا ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا بولرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے ، بیٹنگ میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور دوسرا ایک روزہ میچ جیتنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ون ڈے میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دیکر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔