قومی اسمبلی میں یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کے داخلے پر پابندی

Jan 13, 2023 | 15:24:PM

 (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے احاطے میں یو ٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز سمیت غیر مجاز سوشل میڈیا انفلونسرز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ کے احاطے میں غیر مجاز سوشل میڈیا انفلونسرز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پابندی میں یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز بھی شامل ہیں۔ اس پابندی کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں صرف رجسٹرڈ میڈیا تنظیموں سے وابستہ صحافیوں کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی۔

 قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ ماہ 23 دسمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس گیٹ نمبر ایک پر پیش آنے والے واقعے کے تناظر میں کیا گیا ہے اور اب صرف وہ رپورٹرز، صحافیوں اور دیگر میڈیا اہلکاروں جو رجسٹرڈ میڈیا تنظیموں سے وابستہ ہونگے اور ان کے پاس اپنے ادارے کے کارڈ ہوں گے صرف انہیں ہی داخلے کی اجازت ہوگی۔

سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا انفلونسرز جو ایوان کی کارروائی کو کور کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ خود کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے رجسٹرڈ کروائیں اور قومی اسمبلی کا سیشن کارڈ حاصل کریں۔

 واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ون پر کچھ غیر مجاز یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور دیگر سوشل میڈیا انفلونسرز بغیر اجازت پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہوئے تھے اور نامناسب طرز عمل اختیار کیا تھا۔

مزیدخبریں