(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی رہائشگاہ پر اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری کے حوالے سے بات چیت ہوئی، اجلاس میں رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، مریم اورنگزیب اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔
ذرائع کاکہناہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں پنجاب اسمبلی توڑنے کے بعد12 اپریل کو پنجاب میں الیکشن کروانے کافیصلہ کیاگیاہے، وزیراعظم نے فیصلے سے پارٹی رہنماﺅں کو آگاہ کردیا ۔
ذرائع کاکہناہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے بعد پارٹی کا بھرپور تیاری سے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا، الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات آئین میں دیئے وقت کے مطابق کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کاکہناہے کہ نوازشریف ،مریم نواز اورحمزہ شہباز اسی ماہ پاکستان واپس آئیں گے ،نوازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز پاکستان آکر انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے ،ذرائع کا کہناہے کہ ن لیگ نے پارٹی رہنماﺅں کو پنجاب میں اپنے حلقوں میں انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کی سمری پر وہی ہو گا جو آئین وقانون کہتا ہے، خواجہ آصف