جنید جمشید کے بیٹے ’سیف اللہ‘ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

Jan 13, 2024 | 09:22:AM

(ویب ڈیسک) اسلام کی خاطر میوزک کو خیرباد کہنے والے سابق گلوکار اور مذہبی اسکالر و نعت خواں مرحوم جنید جمشید کے بیٹے سیف اللہ جنید جمشید رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سیف اللہ جنید نے چند دلکش تصاویر جاری کی جس میں انہیں لوگوں کی موجودگی میں نکاح نامے پر دستخط کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ انسٹاگرام پر جاری تصاویر میں مرحوم مذہبی اسکالر جنید جمشید کے بیٹے سیف اللہ جمشید سفید لباس کےساتھ گلابی ویسٹ کوٹ میں ملبوس ہیں، جبکہ انہوں نے نکاح نامے پر دستخط کرنے کے بعد اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہاتھ میں ہاتھ دیتے جھلک بھی سوشل میڈیا کی زینت بنائی۔

جاری کردہ ان تصاویرمیں سیف اللہ کے بھائی بابر جنید بھی موجود تھے جو اپنے بھائی کی زندگی کے سب سے خاص دن پر انکی خوشی میں شانہ بشانہ نظر آئے۔ پوسٹ کے اختتام میں قرآنی آیت بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی جس  کا ترجمہ کچھ اسطرح تھا کہ،’اور ہم نے تمہیں جوڑوں میں پیدا کیا ہے’۔

مزید پڑھیں: امریکی صدرٹرمپ کو ایک اور عدالتی جھٹکا

خوبصورت پوسٹ کا اشتراک کرتے ہوئے سیف اللہ نے اپنا اور اپنی اہلیہ کے نام کا پہلا حرف ’S & Z’ کے ساتھ نکاح کی تاریخ 11-12-2023  شامل کی جس سے واضح ہوتا ہے کہ سیف اللہ کا نکاح گزشتہ سال دسمبر میں ہوا تھا۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل سیف اللہ جنید نے عمراہ ادائیگی کے دوران مدینہ میں اپنے والد جنید جمشید کی مقبول نعت ’محمدﷺ کا روضہ’ اپنی آواز میں پیش کی تھی جس نے نہ صرف ایک پرکیف ماحول بنادیا تھا بلکہ اسی کے ساتھ مداحوں کے ذہنوں میں  مرحوم جنید جمشید کی یاد تازہ ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ جنید جمشید بدقسمتی سے2016 میں ایک المناک طیارہ حادثے میں زندگی کی بازی ہار گئے  تھے۔

ایک موقع پر جنید جمشید کے بیٹے تیمور جمشید کا اپنے والد کی نصیحتوں کو یاد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ والد نے نماز کے بارے میں سب سے زیادہ نصیحت کی۔ وہ کہا کرتے تھے کہ 'چاہے کچھ بھی ہوجائے نماز کبھی نہ چھوڑنا ، وہ نماز کے معاملے میں کافی سخت تھے۔‘

مزیدخبریں