غزہ پر اسرائیلی حملے تھم نہ سکے،مزید 151 فلسطینی شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز، ویب ڈیسک ) غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ، 24 گھنٹوں کے دوران 151 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سروس ایک بار پھر معطل ہوگئی، سروسز کی فراہمی کرنے والی بڑی کمپنی پال ٹیل کے مطابق یہ اسرائیلی کی بڑھی ہوئی بمباری کے باعث کیا گیا ہے، ان کیلئے ممکن نہیں رہا ہے کہ بمباری کے دوران سروس مہیا کی جا سکے،فلسطینی حکام نے بتایا کہ الااقصیٰ ہسپتال میں جنریٹر کے لئے ایندھن ختم ہوگیا ہے جس سے آئی سی یو کے مریضوں کی زندگی کو شدید خطرات ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب مغربی کنارے میں بھی صیہونی فوج نے کارروائیوں کے دوران مزید 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا،دیر البلاح میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد مارے گئے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ مارٹن گرفتھ نے سلامتی کونسل کو غزہ کی خوفناک صورت حال سے آگاہ کیا، سلامتی کونسل پر زور دیا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے خلاف فوری اقدامات کئے جائیں۔
ادھر اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف میں غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کو قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 23 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی 60 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور ہزاروں افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔