اگر آپکی مان لی جائے تو یہ الیکشن کمیشن کے اختیارات ختم کرنے والی بات ہو گی: چیف جسٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(امانت گشکوری) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پی ٹی آئی وکیل سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی بات مان لی جائے تو یہ الیکشن کمیشن کے اختیارات ختم کرنے والی بات ہو گی۔
سپریم کورٹ میں ہونے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل پی ٹی آئی حامد خان سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی بات مان لی جائے تو یہ الیکشن کمیشن کے اختیارات ختم کرنے والی بات ہو گی، کسی آئینی ادارے کو کیس دائر کرنے سے نہیں روکا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی مشکلات میں اضافہ، اہم رہنما کو گرفتار کر لیا گیا
چیف جسٹس آف پاکستان نے مزید کہا کہ ایک نکتہ یہ بھی ہے کہ سپریم کورٹ ہائیکورٹ میں درخواست دائر نہیں کر سکتی، الیکشن کمیشن کیخلاف کیسز ہوسکتے ہیں تو وہ اپنا دفاع کیوں نہیں کر سکتا؟ اگر ہائیکورٹ خود اپیل کرے تو بات مختلف ہو گی۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے حامد خان کو ہدایت کی کہ آپ اپنے دلائل جلدی مکمل کریں۔
پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے چیف جسٹس سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا تحریک انصاف سے رویہ دوسری جماعتوں سے الگ ہے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، باقی تمام جماعتوں کو الیکشن کمیشن کچھ نہیں کہہ رہا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے تو 13 سے زائد جماعتوں کو ختم کر دیا ہے، ایسی بات ہوا میں نہ کریں کسی جماعت سے شکایت ہے تو فریق بنائیں۔
وکیل پی ٹی آئی حامد خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن استحصال کر رہا ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا جب پی ٹی آئی حکومت میں تھی تب بھی پی ٹی آئی کا استحصال ہورہا تھا؟ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراض اٹھا رہے ہیں۔