(امانت گشکوری) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو انتخابی نشان ’بلا‘ الاٹ کرنے کیخلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے انتخابی نشان سے متعلق الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کی، دورانِ سماعت پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کے وکلاء نے دلائل پیش کئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی امیدواروں کیلئے بڑا ریلیف, الیکشن کمیشن سے اہم خبر آ گئی
کیس سے متعلق ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ تمام لوگ سکھ کا سانس لیں کہ کیس ختم ہوا، تمام فریقین کے وکلاء کا شکریہ، دونوں جانب سے اچھے دلائل دیے گئے، دلائل کو جذب کرنے اور نتیجے تک پہنچنے میں وقت درکار ہے، فیصلے سے متعلق ساتھی ججز سے مشاورت کے بعد بتاتے ہیں، کچھ دیر بعد فیصلے سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، محفوظ فیصلہ کچھ دیر تک سنایا جائے گا، جج کمرہ عدالت سے اٹھ گئے۔
دوسری جانب سابق اٹارنی جنرل اور سینیئر وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو اختیار دینے والا قانون کالعدم قرار نہیں دیا، قانون کو غیرآئینی قرار دیکر کالعدم کیا جا سکتا ہے برا یا بے اثر نہیں کیا جا سکتا، پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے قانون کو عملی طور پر غیرموثر کر دیا ہے۔