(احمد منصور) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک آرمی کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، میر علی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر تبسم عرف قدرمان مارا گیا، دہشت گرد کمانڈر تبسم کا ساتھی ساجد عرف سرکنڈی بھی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی امیدواروں نے جعلی ٹکٹس جمع کرائے، چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی نے عمران خان کے پلان بی کا بھانڈا پھوڑ دیا
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کی گئی، کلاچی میں کی جانے والے والی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے حصہ لیا، کلاچی میں ہونے والی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ہتھیار اور بارودی مواد برآمد ہوا، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے۔
دہشت گردوں کے خلاف علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، مقامی آبادی کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کا خیرمقدم کیا گیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔