190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ نہ آنا کسی ڈیل کا نیتجہ نہیں: بیرسٹر گوہر

Jan 13, 2025 | 11:15:AM

(24نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ نہ آنا کسی ڈیل کا نیتجہ نہیں ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر سلمان اکرم راجہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی القادر یونیورسٹی کے مالک نہیں بس ٹرسٹی ہیں،بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ القادر کیس سیاسی طور پر بنایا گیا ہے، ہمارے ساتھ ناانصافی ہوتی رہی ہے، بانی پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنے کے لیے بشری بی بی کا نام بھی القادر کیس میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کیسز کی پرواہ نہیں، ہم فیصلہ سننے کے لیے آج عدالت آئے تھے، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے کورٹ تک لانا جیل انتظامیہ کا کام تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہمیں فیصلے کا وقت 11 بجے کا دیا گیا تھا اور ہم اسی حساب سے آئے ہیں،بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اعلیٰ عدلیہ سے اُمید ہے، ہم اعلیٰ عدالت میں جائیں گے، جس طرح باقی کیسز ختم ہوئے یہ کیس بھی ختم ہو گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مذاکراتی عمل جاری ہے سننے میں آرہا ہے کہ تیسری نشست 15 جنوری کو ہو گی، ہم ڈیل نہیں کر رہے، ملک میں جمہوریت اور انصاف کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور اس مقدمے کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، تاثر دیا جا رہا ہے کہ ڈیل ہو رہی ہے، ہماری کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ آج صبح 11 بجے سنایا جانا تھا جو ابک بار پھر مؤخر کر دیا گیا ہے۔

عدالت نے فیصلہ سنانے کی نئی تاریخ 17 جنوری دے دی ہے۔

مزیدخبریں