( 24 نیوز )لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں ملوث پولیس انسپکٹر مظہر اقبال کی عبوری درخواست ضمانت خارج کردی ، اے این ایف نے ملزم انسپکٹر مظہر اقبال احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا ۔
جسٹس محمد وحید خان نے ملزم انسپکٹر مظہر اقبال کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی ,ملزم پولیس انسپکٹر مظہر اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ پیش ہوا جبکہ اے این ایف کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر حماد اکبر ولانہ پیش ہوئے۔
ملزم کے وکیل نے درخواست ضمانت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف اے این ایف نے 2023 میں مقدمہ درج کیا ، رات تین بجے گاڑی سے ڈرون اور دس کلو ہیروئن برآمد ہوئی ،ملزم موقع سے گرفتار نہیں ہوا ،ہمراہی ملزم کے بیان کی روشنی میں پولیس انسپکٹر کو مقدمہ میں ملوث کیاگیا۔
اے این ایف کے سپیشل پراسیکیوٹر حماد اکبر ولانہ نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ملزم پہلی درخواست ضمانت خارج ہونے کے بعد چودہ ماہ تک مفرور رہا ، ملزم پولیس انسپکٹر کےخلاف منشیات سمیت چودہ مقدمات ہیں ،ملزم ملازمت سے برطرف بھی رہا ، تنزلی بھی ہوئی ، پھر بحال ہوگیا ۔
ملزم اثرو رسوخ سے منشیات یونٹ کا سربراہ بھی تعینات رہا ، ٹرائل کورٹ نے پیش نہ ہونے پر ملزم کو اشتہاری بھی قرار دے رکھا ہے ، عدالت نے فریقین کے وکلاء دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنا پر خارج کردی.