دلیپ کمار کی فلم کا پوسٹر دیکھ کر 16سالہ سائرہ بانو نے کیا سوچا۔۔؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب رپورٹ)دلیپ کمار کی بیگم بننے کا خواب سائرہ بانواس وقت سے اپنے من میں سجائے ہوئے تھیں جب وہ صرف16سال کی تھیں اورلندن میں تعلیم حاصل کررہی تھیں.
بھارت کے ایک اردو اخبار کی ویب رپورٹ کے مطابق بھارتی فلم انڈسڑی کی اداکارہ سائرہ بانو کی ایک صحافی دوست کا یہ کہنا ہے کہ یہ سوال مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہےکہ کیایہ سچ ہےکہ سائرہ بانو بھارتی سنیما کےپہلے اصل سپر سٹار دلیپ کمار سے شادی کا خواب من میں سجائے ہوئے تھیں؟اگر ایسا تھا تو کیوں نہ ہوتا بالآخر60 کی دہائی میں دلیپ صاحب سب سے کامیاب سٹا ر اورسب سے پسندیدہ نوجوان جوتھے ۔ سائرہ بانو کی ایک قریبی دوست کی حیثیت سے میں یہ جانتی ہوں کہ یہ بات صحیح نہیں ہے۔اس بات میں جو غلطی ہے ،میں اسے درست کرنا چاہوں۔ گی۔در اصل دلیپ کمار (یو سف خان) کی بیگم بننے کا خواب سائرہ بانواس وقت سے اپنے من میں سجائے ہوئے تھیں جب وہ صرف 16 سال کی تھیں اورلندن میں تعلیم حاصل کررہی تھیں اور اس وقت انکا بھارتی سنیما سے بس اتنا ہی تعلق تھا کہ جب وہ سکول جاتی تھیں تو راستے میں ایک دکان پرلگے فلموں کے کچھ پوسٹر پر انکی نظر پڑ جایا کرتی تھی۔
انکی والدہ نسیم بانو بھارتی سنیما کی پہلی ملکہ حسن اپنی بیٹی کوفلمی دنیا سے دور رکھنا چاہتی تھیں اورانکی خواہش تھی کہ وہ کسی ایسے پیشے کا انتخاب کرے جس میں اس کے تحفظ اور سماجی احترام کی ضمانت ہو۔ ایک دن دوپہرمیں حسب معمول سکول کے راستے سے گزرتے ہوئے سائرہ بانودکان کی کھڑکی پر لگے پوسٹر کو دیکھنے لگیں۔یہ فلم آن (1956 )کا پوسٹر تھا۔انہوں نے ہیروکو دیکھااوراسکی آنکھوں کو دیکھا اور بس دیکھتی ہی رہ گئیں۔وہ جانتی تھیں کہ یہ ایک زبر دست کامیابی سےہمکنار ہونے والی بھارتی فلمی سٹار کی تصویر ہے۔ یہ اداکار بھی خوبرو تھا اور اسکا اپنا کلاس تھا جو سائرہ نے کسی اورمیں نہیں دیکھا تھا۔ اس وقت سائرہ اس کے بارے میں اس سے زیادہ کچھ نہیں جانتی تھیں۔ انہیں یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ اصل زندگی میں انکا نام یوسف خان ہے اوروہ انکی والدہ کےبھی دوست رہ چکے ہیں۔
ہر نماز میں سائرہ بانوجب اپنے گھروالوں کی سلامتی کی دعائیں مانگتی تھیں تو انکی دعاؤں میں یہ ایک دعا یہ بھی ہوتی تھی کہ انکی دلیپ کمار سے شادی ہوجائے۔ انکی دعا قبول ہوئی۔1961 میں پہلی ہی فلم ’جنگلی‘ سے انہیں شہرت مل گئی ۔ بعد ازاں دلیپ کمار سے انکی جان پہچان بڑھی اور کچھ ہفتوں میں ہی خود دلیپ کمارنے یہ کہہ کر اپنے دوستوں اورمداحوں کو حیران کردیاکہ وہ سائرہ سے شادی کرنے والے ہیں۔ 11اکتوبر 1966 کوسائرہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا اوردلیپ صاحب سے انکی شادی ہوگئی ۔ سائرہ بانو کی دوست کا کہنا ہے کہ ایک صحافی کے طورپر میں نے ان دہائیوں میں سائرہ بانو سے یہی سیکھا کہ ایک بیوی کے طورپرشادی کے ابتدائی امنگوں بھرے برسوں میں کس طرح رہا جاتا ہے اور بعد کے برسوں میں اس رشتہ کو کس طرح سہارا دیاجاتا ہے۔
واضح رہے کہ عظیم اداکار دلیپ کمار اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ 98 سال کی عمر میں انہوں نے 7 جولائی 2021 کو اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ دلیپ کمار نے جانے سے اب بھی ان کے مداح مایوس ہیں۔ دلیپ کمار کو بھارتی فلم انڈسٹری میں اداکاری کا ادارہ کہا جاتا تھا۔ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والا ہر فنکار ان سے متاثر تھا۔
یہ بھی پڑھیں: یوم شہدا پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں, حق خودارادیت ملنے تک کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے:عمران خان