ایک اذان22شہادتیں۔۔دنیا بھر میں کشمیریوں نے ” یوم شہدا“ منایا

Jul 13, 2021 | 23:01:PM

 (24نیوز)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے ” یوم شہدا“ منایا جسکا مقصد 13جولائی 1931 اورتحریک آزادی کے دیگر تمام شہداکو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
یاد رہے کہ 13جولائی 1931ءکو ڈوگرہ مہاراجہ کے فوجیوں نے یکے بعد دیگرے 22کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا جب وہ سرینگرسینٹرل جیل کے باہرعبدالقدیر نامی ایک شخص کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر جمع تھے جس نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکمرانی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کیلئے کہا تھا۔ اس دوران نماز ظہر کا وقت ہواتو ایک نوجوان اذان دینے کیلئے کھڑا ہوا ۔ ڈوگرہ فوجیوں نے اذا ن دینے والے نوجوان کو گولی مار کو شہید کر دیا جس کے بعد ایک اور نوجوان نے اٹھ کر اذان جاری رکھی اوراسے بھی فوجیوں نے گولی مارکر شہید کردیا ۔ اس طرح اذان مکمل ہونے تک بائیس نوجوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے تھے ۔
 کشمیر میڈیاسروس کے مطابق”یوم شہدا“ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے کی تھی جبکہ تمام آزادی پسند رہنماﺅں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ مقبوضہ علاقے میں13جولائی کو مکمل ہڑتا ل کی گئی جبکہ مزار شہدا نقشبند صاحب سرینگر کی طرف مارچ کیاگیا جہاں13جولائی 1931کے شہداءدفن ہیں ۔ شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر کے اہم دارالحکومتوں میں ریلیاں اور سیمینارز کا اہتمام کیا گیا ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ ہڑتال اور مارچ کو کامیاب بناکر دنیا کو یہ واضح پیغام دیںکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل پر یقین رکھتے ہیںاور وہ کسی بھی قیمت پر بھارت کے تسلط کو قبول کرنے پر تیار نہیں۔ 
 

مزیدخبریں