(24 نیوز) لودھراں میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی پی 224 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے امیدوارپی پی 224 زوار حسین کی وضاحت غیر تسلی بخش ہونے پر جرمانہ عائد کیا۔ امیدوار زوار حسین نے انتخابی مہم میں عبدالرحمٰن کانجو کو مدعو کیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے 12 جولائی کو امیدوار کی وضاحت ریکارڈ کی۔ وضاحت غیر تسلی بخش ہونے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے 40 ہزار جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے کہا کہ پبلک آفس ہولڈرز کی انتخابی مہم میں شرکت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن سے بڑی خبر آگئی
دوسری جانب تحریک انصاف نے پنجاب کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں ن لیگ پر الزام عائد کرتے ہوئے پری پول دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔
تحریک انصاف کیجانب سے دائر درخواست میں پنجاب حکومت، ن لیگ، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ سرکاری مشینری استعمال کر رہی ہے جبکہ من پسند افسران کو لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے استدعا کی الیکشن کمیشن ہماری درخواست پر نوٹس لے۔