وزیر اعظم کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار 

Jul 13, 2022 | 22:03:PM

(24 نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے 969 میگا واٹ بجلی کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کو جلد از جلد بحال کیا جائے ۔
وزیر اعظم نے اس سلسلے میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیر توانائی انجینئرخرم دستگیر، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ جس میں انہیں اس خرابی کی نوعیت اور بحالی کے کام پر پیش رفت سے تفصیلا آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ساڑھے 3 کلومیٹر طویل ٹیل ریس واٹرٹنل ( Tailrace Water Tunnel)کی بندش کے باعث پاور ہاؤس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی، اور یوں بدقسمتی سے حالیہ شدید گرمی کے موسم میں قومی گرڈ 969 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی سے محروم ہو گیا۔
وزیر اعظم نے واقعے کا سخت نوٹس لیا اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ واقعے کی فوری طور پر مستند عالمی اداروں سے انکوائری کرانے کے ساتھ ساتھ پلانٹ کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر عوام کو جلد از جلد ریلیف پہنچانے کے احکامات جاری کیے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے کمپنیز کی پری کوالیفیکیشن اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا موثر نظام لا رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، اوگرا نے سمری بھجوادی

مزیدخبریں